کون سے وفاقی وزراء نواز شریف کو بیرون جانے کی اجازت دینے کے مخالف۔۔۔؟؟

ممتاز حسین

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اراکین کی اکثریت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دینے کی حمایت کر دی ہے تاہم چھ وفاقی وزراء نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق وفاقی کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی حمایت کی۔ نیوز ڈپلومیسی کو ذرائع نے بتایا کہ  نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے مخالفت کرنے والوں میں وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری، وفاقی وزیر امور برائے کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور شامل ہیں۔ جب کہ فیصل واوڈا، غلام سرورخان، شیریں مزاری اور علی زیدی نے بھی سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ۔

باقی کابینہ سے اختلاف کرنے والے ان وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے قوم کا پیسہ لوٹا اور اب باہر جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں مجرم کا ایسے باہر جانا تحریک انصاف کے نظریہ کی مخالفت ہے۔ ماضی میں بھی یہ لوگ حکومتیں کرکے باہر جاتے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اجازت دینے سے تحریک انصاف اور باقی حکومتوں میں کیا فرق رہے گا۔ عوام میں منفی تاثر جائے گا کہ حکومت نے کسی دباؤ میں ان کا نام ای سی ایل سے نکالا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف کو ان کی مرضی کا علاج کرانے کی اجازت دینی چاہیے۔ یہ بات یقینی بنائیں گے کہ نواز شریف علاج کے بعد واپس آئیں۔ ذیلی کمیٹی ای سی ایل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ ذیلی کمیٹی نواز شریف کی فیملی سے مکمل ضمانت لے گی۔

Comments are closed.