یوٹیلٹی اسٹورزپردالیں 27، چاول 20 روپے فی کلو اورآٹے کا تھیلا80 روپے مہنگا

اسلام آباد: عوام جائیں تو کہاں، مہنگائی نے جینا مشکل کر دیا۔ غریبوں کیلئے آخری سہارے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ایک بار پھر اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا۔ دالیں 27 روپے ، چاول 25 روپے فی کلو گرام تک جبکہ آٹے کا 20کلو کا تھیلا 80 روپے مہنگا کر دیا۔

 مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹیفکیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے دالیں 27 روپے فی کلو تک، چاول 25 روپے جبکہ آٹے کا 20کلو کاتھیلا 80روپے مہنگا کر دیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد اب دال چنا 130 کے بجائے 140روپےفی کلو گرام، دال مسور 100روپے کے بجائے 127روپے کلو میں دستیاب ہوگی۔

جبکہ 20کلو گرام آٹے کا تھیلا 820روپے کے بجائے 900روپے میں ملے گا۔ سپر باسمتی چاول کی قیمت 125سے بڑھاکر 150روپے جبکہ ٹوٹا چاول کی قیمت 84روپے سے 88روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتے میں گھی بھی 27روپے کلو مہنگا کیا جا چکاہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے لئے 6 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس ریلیف پیکج سے پہلے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوش اڑا دینے والا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 6 ارب روپے کی سبسڈی ملنے سے قبل جان بوجھ کر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھائی گئیں، سبسڈی ملنے کے بعد بڑھائی گئی قیمتوں میں معمولی کمی کی جائے گی جس سے غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔

Comments are closed.