صنعتوں اورسی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بند، بجلی اورگیس لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ

اسلام آباد: سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس کا شارٹ فال بڑھ کر 2ارب48 کروڑ کیوبک فٹ تک پہنچ گیا، صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی بند جبکہ پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی میں کمی کر دی گئی۔

سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ گیس شارٹ فال میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔ پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی میں کمی سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ  بھی بڑھ رہی ہے، بجلی شارٹ فال 3000 ہزار میگاوواٹ ہوگیا۔

سی این جی اور انڈسٹری کو گیس کی فراہمی مکمل بند کر دی گئی ہے جب کہ فرٹیلائزر سیکٹر کو 148 ،زیروریٹڈ انڈسٹری کو 165، ڈومیسٹک سیکٹر کو 1 ہزار 165 اور کمرشل سیکٹر کو 70ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جاری ہے۔ملک میں اس وقت گیس کی مجموعی طلب 6 ارب 50 کروڑ کیوبک فٹ ہے۔

بھل صفائی کے باعث تربیلا ڈیم کے 14 یونٹس بند ہوچکے ہیں ،سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2ہزار پانچ سو جب کہ آئی پی پیز  7800 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں ۔ پاور سیکٹر کو 300ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی ضروت ہے لیکن اس وقت 248ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے۔ بھل صفائی مہم سے پن بجلی کی پیداوار بھی 7000میگاواٹ رہ گئی ہے۔

Comments are closed.