جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لیں گے، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

ویب ڈیسک

بغداد:ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قاتلوں سے سخت انتقام لیں گے جب کہ مزاحمتی تحریک مزید طاقت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے حملے میں جنرل سلیمانی کی شہادت ایک انتہائی خطرناک اور احمقانہ حرکت ہے، امریکا اپنی بدمعاش مہم جوئی کے تمام نتائج کی ذمہ داری خود برداشت کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے بغداد ایئرپورٹ پر راکٹ حملوں میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے بغداد ائیرپورٹ کے کارگوٹرمینل کے قریب سڑک پر 2 گاڑیوں کو راکٹ سے نشانہ بنایا جس میں ایک ایرانی کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی تھی۔ حملے کے نتیجے میں  میجر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔

امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جنرل قاسم سلیمانی پر راکٹ حملے اور انکی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی پرچم ٹوئٹ کی۔ دوسری جانب حملے کے نتیجے میں عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس نے اپنے 7 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہےعراق کی پاپولرموبائلائزیشن فورس نے اعتراف کیا کہ  امریکا اور اسرائیل ابومہدی المہندس اور قاسم سلیمانی پر حملے میں ملوث ہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، چند روز قبل امریکا نے عراق میں فضائی حملہ کر کے مقامی ملیشیا کتائب حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا تھا۔ جس پر ردعمل میں سینکڑوں مظاہرین نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر دھاوا بولا۔ سفارت خانے کے بیرونی حصے کو آگ لگا دی تھی۔
امریکا نے سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کو امریکی سفارت خانے پر حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

Comments are closed.