ترک وزیرخارجہ کی علاقائی امن کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت کی یقین دہانی

اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے کوئٹہ میں بم دھماکے اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اظہار تعزیت کیا ہے۔ ترک وزیرخارجہ نے علاقائی امن کے لئے پاکستانی کوششوں سراہتے ہوئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولونے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی، انہوں نے قیمتی جانوں کےضیاع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے تعزیت کی۔ دلخراش واقعے پر ترکی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد ترکی نے خطے میں قیام امن کے لیے کی جانے والی تمام پاکستانی کاوشوں پرمکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ میولوت چاوش اولو نے ایران، امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے آئندہ دورہ ایران، سعودی عرب، امریکا سے آگاہ کیا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران ترک وزیرخارجہ نے اپنے حالیہ دورہ عراق کی تفصیلات سے اپنے پاکستانی ہم منصب کو آگاہ کیا، دوران گفتگو مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments are closed.