وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے فن وثقافت کے فروغ کیلئے سکالرشپ پروگرام کا آغاز

اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم نے نیشنل اینڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ کے تحت فن و ثقافت کے فروغ کے لئے سکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی وزیرشفقت محمود کہتے ہیں کہ رواں برس سکالرشپ کیلئے چار سو باصلاحیت اور مستحق بچوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ادارے نیشنل اینڈوومنٹ سکالرشپ فار ٹیلنٹ (نیسٹ) کے زیراہتمام ملک میں پہلی بار فن، ثقافت، فلم، تھیٹر، ویژوول آرٹس،سیرامکس اور ٹیکسٹائل ڈیزائن کے فروغ و ترویج کیلئے فن و ثقافت سکالرشپ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ اس سکالر شپ کیلئے رواں برس سات کروڑ 70 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت شفقت محمود نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکالرشپ پروگرام کے تحت باصلاحیت اور ضرورت مند 400 طلباء کو سکالرشپس مہیا کی جائیں گی۔ ملک میں فن اور فنکاروں کی ترویج کیلئے یہ سکالرشپ اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی زمانے میں پاکستانی ڈرامے کی ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دھوم تھی۔ ہماری خواہش ہے کہ اس سکالرشپ کے زریعے ایسا ٹیلنٹ سامنے آئے جو ملک کا نام روشن کرے۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ساجد یوسفزئی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس سکالرشپ پروگرام کے تحت ملک بھر کی 15 یونیورسٹیوں و دیگر اداروں کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ جون کے آخر تک مستحق اور منتخب ہونے والے طلباء میں سکالرشپس تقسیم کر دی جائیں گی۔

نیشنل انڈوومنٹ سکالرشپ فارٹیلنٹ نے ملک میں پہلی بار فن و ثقافت کے شعبے کی ترقی کیلئے ان سکالرشپس کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام کو سراہتے ہوئے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹرمرتضیٰ جعفری اور انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کی وائس چانسلر ڈاکٹرساجدہ ونڈل نے کہا کہ سکالرشپ کی رقم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچاس ہزار آمدن کی شرط کو بڑھایا جائے تاکہ بہت سے مستحق طلبء اس سکالرشپ سے محروم نہ رہ جائیں۔

Comments are closed.