وزیراعظم نے آٹے بحران کی تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین کیلئے کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں گندم اور آٹے کے حالیہ بحران کی تحقیقات کے لئے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق ملک میں گندم کی قلت اور آٹے کے بحران کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہےجس کی سربراہی فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کریں گے، انٹیلی جنس بیورو کے دو افسران اور محکمہ انسداد بدعنوانی کے ڈی جی بھی اس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔کمیٹی سربراہ اپنی مرضی سے ایک رکن منتخب کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی دو ہفتوں میں گندم بحران کی وجوہات اور مبینہ طور پر مصنوعی بحران میں ملوث کرداروں کا تعین کرے گی اور اپنی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی آئندہ کے لیے اسٹاک کا تخمینہ لگا کر گندم یا گندم کی مصنوعات کی برآمدات پر پابندی، گندم سے متعلق وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطوں کی نوعیت سے متعلق سفارشات بھی دے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں اچانک گندم کی قلت کے باعث آٹے کی عدم دستیابی سے بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، جس سے نمٹنے کیلئے حکومت نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے، آٹا بحران کے باعث ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں 70 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں

Comments are closed.