واشنگٹن: امریکا کی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی جلد از جلد رہائی کے لیے زور دیا ہے جبکہ متنازعہ شہریت ایکٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس قانون کے تحت سب کو مساوی تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارت اور پاکستان کا دورہ کرنے والی امریکی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے وطن پہنچنے کے بعد نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے جنہیں بغیر کسی الزام کے حراست میں رکھا ہوا ہے۔
ایلس ویلزنے مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیرملکی سفارت کاروں کے حالیہ دورہ کشمیر کو مفید اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت غیر ملکی سفارت کاروں کو کشمیر تک مسلسل رسائی دے۔ انہوں نے کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی سمیت بعض اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔
امریکی معاون نائب وزیر خارجہ نے بھارت میں متنازع شہریت قانون کے بارے میں کہا کہ انہوں نے دورہ بھارت کے دوران شہریت قانون سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا، بھارت میں سڑکوں پر سیاسی اپوزیشن اور میڈیا سمیت عدالتوں کی جانب سے بھی اس قانون کا کڑا جائزہ لیا جارہا ہے، امریکا اس قانون کے تحت سب کو مساوی تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
پاکستان عسکریت پسند گروہوں کیخلاف بلاتفریق اور موثر کارروائی کرے، ایلس ویلز
امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے کہا کہ افغان امن عمل میں پیشرفت کیلئے پاکستان نے کلیدی اقدامات کیے، افغانستان میں دیرپا سلامتی و استحکام کیلئے پاکستان اہمیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے امور پر پیش رفت کی، دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کیلئے پاکستانی اقدامات بھی خوش آئند ہیں، چاہتے ہیں پاکستان ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری کو ایکشن پلان پر مطمئن کرے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پرعملدرآمد معاشی اصلاحات، آئی ایم ایف پروگرام کیلئے اہم ہے، پاکستان بلاتفریق عسکریت پسند گروہوں کیخلاف دیرپا، غیرمتبدل کارروائی کرے، پاک، امریکا تعلقات میں اعلیٰ سطح سے لے کر فوجی تعلیم و تربیت کے آغاز تک واضح پیشرفت ہوئی۔
ایلس ویلز نے کہا کہ امریکا، پاکستان کی برآمدی منڈی،بڑی سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے،امریکی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اس کے ساتھ ساتھ عوام کا معیار زندگی بہتر اور کرپشن ختم ہو گی، پاکستان سے جلد 10 وفود امریکا آئیں گے، 5 علاقائی تجارتی میلے ہوں گے۔
امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بذریعہ اصلاحات پروگرام عالمی بینک کی کاوشوں میں مدد دی،وزیر اعظم عمران خان، ان اقدامات سے پہلے 10 سرفہرست مصلح میں شامل ہو گئے ہیں۔
Comments are closed.