انڈونیشیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 189 افراد ہلاک

جکارتہ: انڈونیشیا کی نجی ایئرلائن کا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 189 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے جزیرہ سماٹرا جانے والے نجی ایئرلائن ‘لائن ایئر’ کا مسافر طیارہ بوئنگ 737 اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد سمندر میں جاگرا، جہاز میں 189 افراد سوار تھے اور تمام مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو اداروں کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، 6 لاشوں کو سمندر سے نکال لیا گیا ہے اور ریسکیو حکام کسی بھی مسافر کے زندہ مل جانے سے ناامید ہوگئے ہیں۔ امدادی کام تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ جکارتہ ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 13 منٹ بعد ہی رابطہ منقطع ہونے سے چند سیکنڈ پہلے ہی پائلٹ نے واپس آنے کی درخواست کی تھی جس کی ٹریفک کنٹرول نے اجازت دے دی تھی تاہم چند ہی سیکنڈ بعد پائلٹ سے رابطہ دوبارہ منقطع ہو گیا تھا۔

Comments are closed.