سٹاک مارکیٹ میں400 پوائنٹس کی کمی، انڈیکس42ہزارکی نفسیاتی حدسے بھی محروم

اسلام آباد/ کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی شدید مندی رہی، انڈیکس مزید 400 پوائنٹس گراوٹ کے بعد 42ہزارکی نفسیاتی حد سے بھی محروم ہوگیا۔ انڈیکس میں گراوٹ کے سبب حصص کی مالیت میں 50 اب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ گزشتہ ہفتے کی طرح رواں ہفتے بھی مندی کے گرداب میں پھنسی ہے،پہلے کاروباری روزکے دوران 93.79 پوائنٹس گر گئے تھے جبکہ دوسرے کاروباری روزمیں بھی240 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی تھی، اسی کا تسلسل آج بھی دیکھنے کو ملا اور آج انڈیکس 400 پوائنٹس کھو بیٹھا۔

آج کاروبار کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی دیکھی گئی جب پہلے دو گھنٹوں کے دوران انویسٹرز کی طرف سے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی کو اپنایا گیا اور پہلے دو گھنٹوں کے دوران محض 60 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔ اُتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس میں غیر یقینی کے اثرات نہ چھٹ سکے، ایک موقع پر انڈیکس 42429.49 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم مندی کے باعث انڈیکس میں 41790.81 پوائنٹس کی نچلی سطح بھی دیکھی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر اُتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس میں 400.49 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے باعث انڈیکس 42 ہزار کی نفسیاتی حد محروم ہو گیا، پورے کاروباری روز کے دوران چار حدیں بھی گریں۔ گرنے والی حدوں میں 42200، 42100، 42000، 41900 کی حدیں شامل ہیں۔

آج کاروبار 41898.70 پوائٹس کی سطح پر بند ہوا، کاروبار کے دوران 0.96 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 71 لاکھ 9 ہزار 630 شیئرز کا لین دین ہوا انڈیکس میں گراوٹ کے سبب حصص کی مالیت میں 50 اب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

Comments are closed.