حکومت ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے،ٹیکس وصولی کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام

اسلام آباد: حکومت کی ٹیکس دہندگان تعداد بڑھانے کی مہم بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی ہے کیوں کہ 62  لاکھ نیشنل ٹیکس نمبرہولڈرز میں سے صرف 25 لاکھ نے سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کیے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 40فیصد این ٹی این ہولڈرز نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے۔ یہ اعدادوشمار ٹیکس مشینری کی کمزور رٹ کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے اجرا کے باوجود ریٹرن فائلرز کی تعداد پچھلے ٹیکس ایئر کے مقابلے میں 11 فیصد کم رہی۔

ماہرین کے مطابق یہ صورتحال تحریک انصاف حکومت اور بالخصوص وزیراعظم عمران خان کیلیے لمحہ فکریہ ہے جو اپنی دیانتداری کیلیے جانے جاتے ہیں۔ ایک اور قابل غور پہلو یہ ہے کہ ایف بی آر کے اعدادوشمار کے مطابق حکومت سے ٹیکس کی مد میں بھاری مراعات لینے کے باوجود انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے تاجروں کی تعداد بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوگئی۔

Comments are closed.