کورونا وائرس سے پاکستان میں تیسری ہلاکت، متاثرہ مریضوں کی تعداد 481 ہو گئی

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: ملک میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ نہ رک سکا خطرناک وائرس کراچی میں بھی ایک جان نگل گیا، جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں تین ہو گئیں جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 481 تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی وباء کے باعث ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جبکہ پنجاب اور سندھ میں مزید نئے کیسز آنے سے ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 481 ہوگئی ہے۔مذکورہ مریض کراچی کا رہائشی تھا اور اسے مختلف بیماریاں بھی لاحق تھیں تاہم مریض کی کوئی سفری تاریخ موجود نہیں تھی۔وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بذریعہ ویڈیو پیغام صوبے میں کورونا وائرس سے ہونے والی موت کی تصدیق کی کہ سندھ میں ایک 77 سالہ شخص کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔

علاوہ ازیں سندھ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تصحیح کی گئی ہے اور گزشتہ روز بتائے گئے 245 افراد کی جگہ نئی تعداد 238 بتائی گئی۔گزشتہ روز کچھ ٹیسٹ دو مرتبہ ہونے کی وجہ سے تعداد میں فرق آیا، تاہم اصل تعداد اس وقت 238 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جن میں سے 87 افراد سکھر کے علاوہ صوبے میں متاثر ہیں، جس میں سے 3 صحت یاب اور ایک ہلاک ہوچکا ہے اور 83 زیرعلاج ہیں۔سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 249 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی مزید 16 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں پر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 96 ہوگئی ہے۔ ان میں 71 زائرین ہیں جبکہ باقی 15 کا تعلق لاہور، 2 کا ملتان، 3 کا مظفر گڑھ، ایک کا راولپنڈی، 3 کا گجرات اور ایک کا جہلم سے ہے۔

Comments are closed.