کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کا بین الاقوامی فضائی آپریشن 2 ہفتوں کیلئے بند

اسلام آباد: کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے پاکستان نے اپنی فضائی حدود کو ہرقسم کے بین الاقوامی سفر کے لئے بند کر دیا ہے۔ یورپ، امریکا، کینیڈا سمیت دیگرممالک سے کوئی مسافر پرواز پاکستان نہیں آ سکے گی۔

عالمی وباء کورونا وائرس سے پاکستان میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے حکومت نے خطرناک وائرس سے بچاؤ کے لئے اقدامات کے طور پر بین الاقوامی پروازوں کے لئے فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیاہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بتایا کہ فضائی آپریشن کو  21مارچ سے 4 اپریل شام آٹھ بجے تک معطل رہے گا، ان کاکہنا تھا کہ فضائی آپریشن کی معطلی کا اطلاق چارٹرطیاروں،کمرشل پروازوں پر ہوگا۔ غیرملکی سفیر،خصوصی طیاروں اور کارگو پروازوں ہر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دوسری جانب قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنا فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے، ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی یورپ سمیت تمام سیکٹرز کے لئے بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں۔

انہوں نے بتایا کہ پابندی کا اطلاق آج رات 8 بجے سے 28 مارچ تک ہوگا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کیلئے معذرت خواہ ہیں لیکن پرہیز علاج سے بہتر ہے،مزید معلومات اوربکنگ کی تبدیلی کیلئے پی آئی اے کال سینٹرسے رابطہ کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے 534 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے پانچ افراد صحت یاب جب کہ 3 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Comments are closed.