ٹوکیو: عالمی وباء نوول کورونا کے باعث چند روز قبل ملتوی کی گئی ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا اور ان عالمی مقابلوں کا انعقاد آئندہ برس 23 جولائی سے ہو گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے پیر کو ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ تاہم 2021 میں انعقاد ہونے کے باوجود اولمپکس کو ٹوکیو 2020 کا نام ہی دیا جائے گا۔
25 اگست 2020 سے شروع ہونے والے پیرالمپکس کو بھی ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ گیمز آئندہ سال 24اگست سے 5ستمبر 2021 تک کھیلی جائیں گی۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس باک کے مطاق ٹوکیو 2020 کی انتظامی کمیٹی، ٹوکیو میٹروپولیٹن گورنمنٹ، جاپانی حکومت اور دیگر تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پراعتماد ہوں۔ انسانیت اس وقت تاریک سرنگ سے گزر رہی ہے، اس سرنگ کے اختتام پر ٹوکیو اولمپکس روشنی بن سکتے ہیں۔
انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسن نے کہا ہے کہ جب آئندہ سال پیرالمپکس کا انعقاد ہو گا تو یہ انسانیت کے اتحاد، انسانی جرات کا مظہر ہو گا۔ اب جبکہ پیرالمپکس کے انعقاد میں 512دن باقی ہیں تو تو پیرالمپکس تحریک سے جڑے تمام افراد کی ترجیح ہونی چاہیے کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ محفوظ رہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور وائرس سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اکٹر ملکوں کی جانب سے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے۔ مسلسل مطالبات کے پیش نظر گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
Comments are closed.