کورونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز، شادی ہال اور ریسٹورینٹ سمیت ہر اس جگہ کو بند کردیا جہاں عوامی اجتماعات ہوسکتے تھے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ مختلف اداروں کی بندش اور لاک ڈاؤن کی تباہی کو روکنے کے لیے زرعی شعبے کو کھلا رکھا ہے ور اب تعمیراتی شعبہ بھی کھول رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر میں بلند شرحِ افلاس کے ساتھ ہمیں بندشوں میں حد درجہ توازن درکار ہے، کورونا کا پھیلاؤ کم کرنےاور اسے مکمل طور پر روکنے کیلئے اگرچہ بندشیں ضروری ہیں تاہم اس بات کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے کہ ان بندشوں کے باعث لوگ فاقوں مریں نہ ہی معیشت کا شیرازہ بکھرے۔ فی الحقیقت ہم ایک تنی ہوئی رسی پر گامزن ہیں۔

Comments are closed.