پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز: مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز تیاری کی منظوری

اسلام آباد:پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ایکسپرٹ کمیٹی نے مقامی طور پر وینٹی لیٹرز کی تیاری کے لیے  منظوری دے دی۔

کورونا وائرس کے پیش نظر اب پاکستان میں وینٹی لیٹرز بنیں گے، مقامی طور پر وینٹی لیٹرز کی تیاری کی خصوصیات اور ٹیسٹنگ کا طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی تیاری کے لئے  ٹیسٹنگ کیلئے تیز ترین طریقہ کار اپنایا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان نے وینٹی لیٹرز کی تیاری کے لئے تیز ترین طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی وباء کے دوران وینٹی لیٹرز کی بڑھتی طلب کے پیش نظر قانونی پیچیدگیوں کو ختم کیا گیا۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل کو وینٹی لیٹرز کے 48 ڈیزائن موصول ہوئے، وینٹی لیٹرز کے تین ڈیزائن کو منظوری کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کو بھیجا گیا۔ کلینیکل ٹیسٹ کے دوران وینٹی لیٹرز کی خصوصیات چیک کی گئیں۔

پہلے مرحلے میں پریشر اور والیوم کنٹرول میکینکل وینٹی لیٹرز کی تیاری کی اجازت دی گئی۔ وینٹی لیٹر کو مسلسل 96 گھنٹے انسانی جسم پر چیک کیا جائے گا۔ ایکسپرٹ کمیٹی ہر چھ ماہ بعد مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے وینٹی لیٹرز کی خصوصیات اور ٹیسٹنگ طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔

Comments are closed.