کورونا کے وار جاری،مریضوں کی تعداد ساڑھے 11 ہزار سے متجاوز، 242 اموات

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس وائرس کا پھیلاؤ روز بروز بڑھتا جارہا ہے اور مزید کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 562 تک پہنچ چکی ہے جبکہ مہلک وباء اب تک 242 جانیں کھا گئی ہے۔

کورونا سے زیادہ متاثرہ صوبوں سندھ اور پنجاب کے ڈاکٹرز نے خبردار کیا کہ آئندہ آنے والا ماہ یعنی مئی اس وائرس کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔ حکومت اور علما کو مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت پر زور دیا۔

سندھ میں جمعہ کو بھی مزید 274 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 3945 تک پہنچ گئی، اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2561 ٹیسٹ کیے گئے جس کے ساتھ ہی اب تک ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد 35 ہزار 589 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں صوبے میں 2 اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ مجموعی اموات 75 ہوچکی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وائرس سے متاثر 49 افراد ایسے بھی ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی 84 نئے کیسز اور 3 اموات سامنے آگئیں، صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان قیصر آصف کے مطابق پنجاب سے کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 851 ہوگئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 68 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 20 مریض کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ 925 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ادھر محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس سیل نے صوبے میں 49 نئے کیسز کی تصدیق کردی۔ ان کیسز کے اضافے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 656 ہوگئی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی تعداد 290 سے بڑھ کر 300 تک جا پہنچی ہے۔

جس طرح روزانہ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 190 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 2337 سے بڑھ کر 2527 تک پہنچ چکی ہے۔

Comments are closed.