چھوٹے کاروبارکیلئے ریلیف پیکج کی تیاریاں، صنعتوں کو بلوں میں رعایت ملنے کا امکان

اسلام آباد: کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں چھوٹے کاروبار طبقے کے لئے امدادی پیکج کا پہلا فیز کل منظوری کے لئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ صنعتوں کو بجلی، گیس بلوں میں رعایت دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہو گا، جس میں صنعتوں کو بلوں کی مد میں ریلیف دیئے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت صنعتوں کو بجلی، گیس بلوں میں رعایت دی جائے گی۔

وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ‘چھوٹا کاروبار امدادی پیکج’ ای سی سی کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اس امدادی پیکج سے لاکھوں کاروباری افراد مستفید ہو سکیں گے۔

قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر کا کہنا تھا کہ وزارت صنعت و پیداوار ای سی سی میں “چھوٹا کاروبار امدادی پیکج” کا پہلا فیز پیش کرے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ سے منظوری کے بعد لاکھوں چھوٹے کاروبار اور صنعتیں اس پیکج سے مستفید ہو سکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏ریلیف پیکج کے دوسرے مرحلے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی بھی زیرِ غور ہے، جب کہ اگلے مرحلے میں کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے شعبہ جات کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ریلیف اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔

Comments are closed.