پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ جاری، مریضوں کی تعداد13304، اموات 277 ہو گئیں

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس مہلک وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 304 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 277 افراد اس خطرناک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج بھی ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کورونا کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب کے شعبہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 120 کیسز سامنے آنے کے بعد بعد مجموعی کیسز کی تعداد 5446 ہوگئی ہے۔

ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 71 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک ہزار 864 ہوگئی ہے۔جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 5 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 98 ہوگئی ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 383 کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 615 ہوگئی۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 24 گھنٹے میں مزید 3 افراد کی موت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتیں 81 تک پہنچ چکی ہیں۔ جب کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں صحتیاب افراد کی تعداد 872 تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں مزید 12 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے،جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا متاثرین کی تعداد 235 تک جا پہنچی ہے۔ گزشتہ روز تک اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 223 تھی۔ گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس مزید ایک کیس رپورٹ ہوا۔ نئے مریض کے بعد گلگت بلتستان میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 307 سے بڑھ کر 308 تک پہنچ گئی۔

ادھر بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 781 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 11 ہوگئی۔

Comments are closed.