میچ فکسنگ اسکینڈل میں ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد

لاہور: میچ فکسنگ اسکینڈل میں قومی ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پر 3 سال تک ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

فکسنگ اسکینڈل میں جسٹس (ریٹائرڈ) فضل میران چوہان کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈسپلنری پینل نے فیصلہ سناتے ہوئے عمراکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کر دی، ٹیسٹ کرکٹر اس دوران کسی بھی فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی، عمر اکمل پر 3 سالہ  پابندی کا اطلاق 20 فروری 2020 سے ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو معطل کر دیا تھا، ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پی ایس ایل سے قبل مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔

عمر اکمل کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق مشکوک سرگرمیوں سے متعلق بورڈ کو بر وقت اطلاع دینے میں ناکام رہے تاہم بعد ازاں برطانوی کرائم ایجنسی کے شواہد کے بعد عمر اکمل کے خلاف تحقیقات میں تیزی آئی۔

Comments are closed.