بھارتی شوبز انڈسٹری کیلئے بڑا دھچکا، عرفان خان کے بعد رشی کپور بھی دنیا سے رخصت

ممبئی : معروف بالی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فاؤنڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

رشی کپور کے اہلخانہ نے ان کی موت کی خبر دینے کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا۔ جس میں میں کہا گیا ہے کہ ہمارے پیارے رشی کپور لیوکمیا سے 2 سال تک لڑنے کے بعد آج صبح 8 بجکر 45 منٹ پر اس دنیا سے رخصت ہوگئے، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کے مطابق رشی کپور نے آخری لمحے تک انہیں محظوظ کیا۔

مذکورہ بیان کے مطابق رشی کپور دوران علاج بھی نہایت پرجوش اور خوش رہا کرتے تھے اور وہ اپنی زندگی بھرپور انداز سے جینے پر یقین رکھتے تھے، اس دوران جو بھی لیجنڈ اداکار سے ملا وہ یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ رشی کپور بیماری کے باوجود ہمیشہ پرعزم رہے۔

اہل خانہ کے مطابق رشی چاہتے تھے کہ اس دنیا سے گزر جانے کے بعد بھی مداح انہیں آنسو بہا کر نہیں مسکرا کر یاد کریں۔ ایسے وقت میں ہمیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ دنیا بہت مشکل دور سے گزر رہی ہے، اس وقت نقل و حرکت اور بڑے اجتماعات پر پابندی ہے۔

رشی کپور کے اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مداحوں سے اور خاندان کے دوستوں سے گزارش ہے کہ وہ اس وقت (کورونا وبا کے باعث) قوانین کا احترام کریں۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

ماضی میں بحیثیت ہیرو رشی کپور اپنی رومانوی اداکاری کے باعث جانے جاتے تھے، انہوں نے قلی، لیلا مجنو، سرگم، بول رادھا بول اور متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔ حال ہی میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہولی وڈ فلم ’دی انٹرن‘ کی بولی وڈ ریمیک کا حصہ ہیں جس میں دپیکا پڈوکون بھی کام کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری موت ہے جس نے بھارتی شوبز انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا، محض ایک روز قبل ہی اداکار عرفان خان انتقال کر گئے تھے، انہیں بھی کینسر کا مرض لاحق تھا۔

Comments are closed.