سی پیک میں کوئی رکاوٹ نہیں، منصوبے کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا، عاصم باجوہ

اسلام آباد: چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری حقیقت ہے، قومی منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں، اس کا دوسرا مرحلہ نہایت اہم ہے جس کا جلد آغاز ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک حقیقت ہے، منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ خنجراب سے گوادر تک کے دونوں روٹس کی تیز رفتار تکمیل کے لییے منصوبہ بندی کر لی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے، اس کا دوسرا مرحلہ نہایت اہم اور جلد شروع ہو گا، دوسرے مرحلے میں زرعی، صنعتی، تجارتی، سائنس و ٹیکنالوجی شعبوں پر توجہ مرکوز ہے، چاروں صوبوں میں اقتصادی زونز فعال کرنا ترجیح ہے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے منصوبے بھی دوسرے مرحلے میں شامل ہیں، پاک، چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد ہو گا، سی پیک کے تحت تمام خصوصی اقتصادی زونز پر کام تیزی سے جاری ہے، چین، پاکستان میں “پیسٹ کوکنٹرول سینٹر” قائم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں کو بیماریوں سے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے بیجوں کا معیار بہتر بنایا جائے گا،پاکستانی طلباء کیلئے سی پیک میں بڑی خوشخبری پر کام ہو رہے، 20 ہزار پاکستانی طلباء اسکالرشپس پر چین جائیں گے، اسکالرشپ منصوبے پر بہت پیش رفت ہو چکی، جلد اعلان ہو گا۔

Comments are closed.