وزیراعظم نے پانچ سالہ اقتصادی حکمت عملی کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی اقتصادی حکمت عملی کے تحت 5 سالہ منصوبہ بندی کی منظوری دیتے ہوئے اس پر جلد عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔ ان کا کہنا ہے کہ اقتصادی استحکام کے ذریعے غربت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملکی معیشت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرخزانہ اسد عمر، گورنراسٹیٹ بینک،  سیکریٹری خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر اشفاق حسین اور اقتصادی ماہرین نے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورت حال سے متعلق ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنراسٹیٹ بینک نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان بینکنگ سہولیات سے سب سے کم استفادہ کرنے والے ممالک میں شامل رہا ہے، ملک کی صرف 16 فیصد آبادی بینکنگ سہولیات استعمال کر رہی ہے اسی طرح ملک بھر کی خواتین کا صرف 11 فیصد حصہ بینکنگ سسٹم استعمال کرتا ہے، عوام کی کثیر تعداد مذہبی رجحان کی وجہ سے بینکنگ نظام سے دور ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ آئندہ 5 برس کے لیے جامع پلان بنایا جا رہا ہے، اسلامک بینکنگ اور ڈیجیٹل پیمنٹ کو فروغ دیا جائے گا، 5 سالہ منصوبہ بندی کے تحت 30 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، ایس ایم ای نظام کے تحت 5 اعشاریہ 5 بلین ڈالر کی ایکسپورٹس بڑھیں گی جب کہ کمرشل اور مائیکرو فائنانس بینکنگ پر کام تیز کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے  بینکنگ اصلاحات کے لیے پیش کیے گئے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اقتصادی نظام کی مضبوطی کے لیے اہم فیصلے کرنا ہوں گے، اقتصادی استحکام کے ذریعے غربت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، اسلامک بینکنگ کے نظام سے جڑے زراعت جیسے شعبوں کو بھی ترقی ملے گی۔

Comments are closed.