کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر شاپنگ مالز،مارکیٹیں، ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی: ملک بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے کیسز اور بے قابو ہوتی صورتحال میں پنجاب حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن سخت  کرنا شروع کر دیا ہے۔

ملک میں کورونا وباء کی صورتحال پر نظر رکھنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹیں، پبلک ٹرانسپورٹ، صنعتی علاقوں کو بند کر دیا جائے گا، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال میں لاک ڈاؤن اور پابندیاں سخت کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرانے والے شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر پنجاب کی بڑی مارکیٹیں آج بند کردی جائیں گی، چیف سیکرٹری پنجاب نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کو مارکیٹوں کے خلاف ایکشن سے آگاہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں لاک ڈاؤن کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر پورے ملک میں کئی بڑی مارکیٹیں بند ہوں گی۔

شہباز گل کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ عوام سمیت تمام متعلقہ شراکت داروں کو ہر صورت میں ایس او پیز فالو کرنے ہوں گے۔

Comments are closed.