حکومت کا وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کے ساتھ طے اصلاحات کے مطابق بنانے کا فیصلہ
آئی ایم ایف نے 6 ارب ڈالر کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کو آئندہ بجٹ میں اصلاحات سے مشروط کردیا
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ اصلاحات کے مطابق حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اتوار کو ہونے والے اجلاس میں اقتصادی ٹیم کو آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز(ایم ای ایف پی) پر عمل درآمد کی ہدایت دی گئی، جب کہ گریڈ ایک تا 18کے ملازمین کی تنخواہوں میں10 فیصدتک اضافے کے لیے آئی ایم ایف کو آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اِس وقت آئی ایم ایف کی شرائط نہ ماننے سے قرض پروگرام متاثر ہوسکتا ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے غیرضروری اخراجات میں کمی آئی ایم ایف کے ساتھ اصلاحاتی پروگرام کے مطابق کی جائے گی۔وفاقی بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانے کی آئی ایم ایف کی شرائط کو شامل کیا جائے گا۔
ٹیکس اہداف سے متعلق آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی جاری ہیں اور رواں ہفتے آئی ایم ایف حکام کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت ہوگی۔ بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے اہداف آئی ایم ایف کی سفارشات کے مطابق مقرر کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ اہداف کا دوسری سہ ماہی میں جائزہ لے کردوبارہ آئی ایم ایف سے رجوع کیا جائے گا تاہم بجٹ اہداف کا انحصار کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ہوگا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف کی تجویز کردہ سفارشات کے مطابق غیرترقیاتی و غیرضروری اخراجات میں توازن قائم کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔
دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے 6 ارب ڈالر کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کو آئندہ وفاقی بجٹ میں چھوٹے اقتصادی ڈھانچے کی مجوزہ اصلاحات سے مشروط کردیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی روکی گئی قسطیں جاری کرنے کیلیے ڈیوٹی و ٹیکسوں میں غیر ضروری چھوٹ و رعایتیں ختم کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی بجائے کٹوتی کی تجویز دی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ کوروناصورت حال کے تناظر میں پیداوری شعبے کیلیے اقدامات جبکہ اخراجات کم کرنے کا مشورہ دیا گیاہے۔ رواں ہفتے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ویڈیو کانفرنس میں بجٹ سازی سے متعلق اہم اقدامات زیر غور آئیں گے۔
Comments are closed.