کورونا میں فرنٹ لائن پرڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز،طبی عملے کیلئے مراعاتی پیکج کی تیاری

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو مراعات دینے کےلیے سفارشات تیاری کا عمل شروع کر دیا، ڈاکٹرز و دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد مراعاتی پیکیج کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس میں ہوا، جس میں کورونا کی موجودہ صورت حال، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں قلیل المدتی قومی انسداد کورونا ایکشن پلان۔۔۔۔ جون، جولائی کےلیے اضافی ضروریات اور فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے کےلیے مراعاتی پیکیج پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھرمیں کورونا ٹیسٹ کیلئے 102 ٹیسٹنگ لیبارٹریز فعال ہیں، بلوچستان میں ایس او پیز کی 691 خلاف ورزی پر250 دکانیں اور 90 گاڑیوں کو بند،جرمانہ اورتنبیہ کی گئی۔ پنجاب بھر 2 ہزار 865 خلاف ورزیوں پر 769 دکانیں،8 انڈسٹریز،776 گاڑیاں بند،جرمانے کیے گئے۔

خیبرپختونخوا میں ایس او پیز کی 7 ہزار 351 خلاف ورزیوں پر 302 دکانیں،221  گاڑیوں کو بند جبکہ  انفرادی طور پر 1 ہزار 933  افراد کو جرمانے کیے گئے، اسلام آباد میں 101 خلاف ورزیوں پر 13 ہوٹل،24 دکانیں،2 صنعتوں اور36 گاڑیاں کو بند اور جرمانے کیے گئے، آزادکشمیر میں ایس او پیز کی 422 خلاف ورزیوں پر 112 دکانوں اور85 گاڑیوں کو بند کر کے جرمانے کیے گئے۔

Comments are closed.