امریکا کی پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی مذمت

واشنگٹن: امریکا نے اورکزئی ایجنسی بازار اور کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ امریکا اورکزئی ایجنسی کے اور کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہارکرتا ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گوہے۔

ترجمان ہیدرنوئرٹ نے کہا کہ کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کو سراہتے ہیں جس کی وجہ سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ عمل کا سامنا کرنے سے متعلق امریکا پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ خطے میں ایسے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.