بھارتی فوج کی سرحدی خلاف ورزی، لائن آف کنٹرول پرفائرنگ، 22 سالہ شہری زخمی

راولپنڈی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔

پاکستانی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے بٹل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور جان بوجھ کر سول آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں پر مارٹر گولے داغے گئے اور بھاری توپ خانے کا استعمال بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آ کر ایک 22 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دشمن کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر مؤثرجوابی کارروائی کی گئی اور بھارتی توپوں کو خاموش کروا دیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سرحدی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں بھارتی سفارت کار کو متعدد بار طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، تاہم بھارتی ہٹ دھرکی برقرار ہے۔

Comments are closed.