چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کا ستمبر میں تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق

اسلام آباد: بین الصوبائی تعلیمی کانفرنس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیراورگلگت بلتستان کے ‏وزرائے تعلیم نے ستمبر کے پہلے ہفتے سخت ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے ‏کھولنے پر اتفاق کرلیا۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی ‏جس میں چاروں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم اورچیئرمین ایچ ‏ای سی شریک ہوئے۔

ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا کہ ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں ‏سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے پر اتفاق کر لیا گیا،حتمی منظوری کل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینیٹر (این سی او سی) ‏سے لی جائے گی۔ ‏

کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل کورونا وائرس کی تازہ صورتحال ‏کا جائزہ لیا جائے گا،جب کہ ایس او پیز کے ساتھ امتحانات لینے کی بھی ‏اجازت ہوگی۔ کانفرنس میں ستمبر سے قبل دو مزید اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ‏ہے۔ کورونا کی شدت کے تناظر میں تاریخوں میں رد وبدل کیا جاسکتا ہے۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے چھوٹے اسکولوں کو ریلیف فنڈز اور بلاسود قرض فراہم ‏کرنے کی تجاویز دیں، وفاق نے معاشی حالات کےپیش نظرریلیف فنڈزجاری کرنے ‏سے انکارکردیا۔ شفقت محمود نے یقین دھانی کروائی کہ وزیراعظم کوچھوٹے اسکولوں ‏کو بلاسود قرضہ فراہم کرنے کی تجویزپرعملدرآمد کے لیےسفارش کی جائے گی۔

Comments are closed.