راولپنڈی میں درندگی کی انتہاء، خواتین اور بچوں سمیت 9 افرادقتل، وزیراعلیٰ کا نوٹس

درندہ صفت حملہ آوروں نے کمروں میں گھس کر معصوم بچوں کو بھی گولیوں سے چھلنی کر دیا

راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر چونترہ کے علاقے میں دو گروہوں کے مابین خونیں تصادم میں خواتین اور بچیوں سمیت 9 افراد قتل کردیے  گئے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ چونترہ کے علاقہ میال گاؤں میں پیش آیا۔ تصادم رب نواز اور امجد گروپ میں ہوا۔ جس کے دوران فائرنگ سے  فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں 5خواتین سلیم اختر، نثار بی بی، سدرہ بی بی، عذرہ بی بی، عابدہ شاہین جب کہ تین بچیاں 7 سالہ ایمان فاطمہ، 13 سالہ غزالہ بی بی، 16 سالہ صبیحہ خاتون شامل ہیں، ایک 9 سالہ بچہ فرحان بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ سے خواتین اور بچوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے قتل کے اس ہولناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیلا گیا اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔پولیس کی فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔

دوسری جانب  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے  سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے جب کہ سی پی او کو موقع پر پہنچ کر تمام تحقیقات کی نگرانی کرنے، ملزمان کی فوری گرفتاری اور صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Comments are closed.