نارووال: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی والا مافیا اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان کہیں نہیں جا رہے، پانچ سال پورے کریں گے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ سے احسن اقبال کہہ رہے تھے ٹائیگر فورس نظر نہیں آ رہی۔ امید کرتا ہوں کہ ٹائیگر فورس کو ہٹلر فورس کہنے والے احسن اقبال نارووال کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور ٹائیگرفورس کے کنونشن میں ضرور آئیں گے۔
واضح رہے کہ ناروال میں ٹائیگر فورس کے کنونشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنر نارووال نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر احسن اقبال کو خصوصی خط لکھ کر ٹائیگر فورس کے کنونشن میں شرکت کی دعوت بھجوا دی ہے۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مشکل حالت میں وزیراعظم عمران خان کو ملا۔ کورونا بحران کی وجہ سے مشکل فیصلے کئے گئے۔ پاکستان دنیا کی تاریخ میں واحد ملک ہے جہاں پر بہت کم عرصے میں 1 کروڑ خاندانوں احساس پروگرام کے تحت امدادی رقوم فراہم کی جا چکی ہیں
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ چینی آٹا کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آٹا مافیا، چینی مافیا کی انکوائری ہو رہی ہیں۔ 72 سالہ تاریخ میں کسی وزیراعظم نے انکوائری پبلک نہیں کی، یہی مافیا مارکیٹ کو نقصان پہنچانے کے لئے آٹے چینی کا کھیل کھیل رہا ہے ، جب کینسر کا علاج کیا جاتا ہے تو پورے جسم میں درد ہوتا ہے۔ سب مافیا کو اپنے کیسز کا سامنا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ آٹا چینی والا مافیا اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا، اپوزیشن پہلے وفاق میں مائنس 1 کی بات کر رہی تھی اب پنجاب میں کہہ رہی ہے۔ کوئی مائنس نہیں ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان، عثمان بزدار 5 سال پہنچے کریں گے۔
Comments are closed.