اسلام آباد: پاکستان نے انسداد پولیو پروگرام کے تحت بچوں کو ویکسین فراہمی کا مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔ پروگرام کے تحت پانچ سال سے کم عمر94 فیصد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
کورونا وباء کے باعث چار ماہ کے تعطل کے بعد کراچی، فیصل آباد، اٹک، کوئٹہ اور جنوبی وزیرستان میں 5 روز انسداد پولیو مہم جاری رہی۔، اس مرتبہ پولیو ورکرز کو مہم سے پہلے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے خصوصی تربیت دی گئی۔
مہم کے دوران سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا۔ پولیو مہم میں ورکرز نے کورونا آگہی بھی فراہم کی۔ پولیو مہم پرامن طریقے سے مکمل ہوئی۔ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مہم کے پرامن انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا۔ کامیاب مہم پر تمام مکتبہ فکر اور والدین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
انسداد پولیو پروگرام پاکستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ بھی اہداف کے حصول میں تعاون کی امید ہے۔ اگست اور ستمبر میں بڑے پیمانے پر مہمات کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ وائرس کے خاتمے کے لئے اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں قومی مہمات ہوں گی۔
Comments are closed.