فیس بک اور ٹویٹر نے امریکی صدر ٹرمپ کی ’غلط معلومات‘ پر مبنی پوسٹس ہٹا دیں

فیس بک اور ٹویٹر انتظامیہ نے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹس ہٹا دیں۔

امریکی صدر کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے اکاؤنٹ سے فوکس نیوز کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس کے ساتھ جاری اپنے بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ  بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ویکسی نیشن کا عمل تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی اس پوسٹ کو ہٹانے کے حوالے سے فیس بک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکی صدر نے اپنی فیس بک پر شیئر کی گئی ویڈیو کے ساتھ جھوٹا دعویٰ کیا جو کہ کمپنی (فیس بک) کی پالیسیوں کے تحت کورونا کے حوالے سے مہلک معلومات کے زمرے میں آتی ہے۔

دوسری جانب ٹویٹر انتظامیہ نے امریکی صدر کی اس ویڈیو پر مشتمل ٹویٹ کو مخفی کر دیا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا ٹیم کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی نئی ٹویٹ سے قبل غلط معلومات پر مبنی پوسٹ کو ختم کریں۔

دریں اثناء صدر ٹرمپ کی سوشل میڈیا ٹیم کی رکن کورٹنی پاریلا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر نے حقائق بیان کیے، سوشل میڈیا کمپنیز سچ اور جھوٹ جاننے والے ثالث نہیں ہیں۔

Comments are closed.