اٹلی حکومت کا کورونا روک تھام کیلئے ماسک لازمی قرار دینے، پابندیاں برقرار رکھنےکا فیصلہ
شفیق احمد، نمائندہ اٹلی
اٹلی میں حکومت نے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے چہرے پر ماسک لازمی پہننے کی شرط سمیت مختلف پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے عوامی مقامات جیسا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹس میں شہریوں کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے، کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اس شرط پر اگست کے آخر تک عمل درآمد یقینی بنایا جائےگا۔
ذرائع کے حوالے سے خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اطالوی حکومت کورونا وائرس کے باعث پیدا صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک سرکاری فرمان تیار کر رہی ہے جس کے ذریعے پہلے سے جاری مختلف پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی جن میں نائٹ کلبز اور ڈسکوز پر پابندی شامل ہے۔
اٹلی کے وزیر صحت رابرٹو سپرانزا کا کہنا ہے کہ اٹلی کورونا ایمرجنسی کے دوران بدترین صورتحال سے نکل گیا ہے تا ہم اس وباء کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی نہیں ملی، خطرہ ابھی ٹلا نہیں، انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ مختلف سرگرمیاں بحال کرنے کا عمل جاری ہے جو ہمیں مثبت سمت بڑھنے میں مدد دے رہا ہے۔
وزیر صحت رابرٹو سپرانزا کا مزید کہنا تھا کہ اٹلی کی عوام کو تین اہم اور بنیادی اصولوں پر عمل پیرا رہنا پڑے گا جن میں ماسک پہننا، سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور ہاتھوں کو بار بار دھونا شامل ہے، ان تینوں اصولوں پر اگست اور اس کے بعد تک عملدرآمد جاری رہنا چاہیے۔
Comments are closed.