کورونا وائرس کے دوبارہ زور پکڑنے کے بعد مختلف ممالک کی جانب سے سپین پر سفری پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، سوئٹزرلینڈ، ناروے کے بعد آسٹریا نے بھی اپنے شہریوں کو اسپین کا سفر نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریا کے محکمہ صحت کے حکام نے اسپین میں دوبارہ تیزی سے پھیلتی کورونا وباء کے باعث اپنے شہریوں کو وہاں کے غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا ہے،جب کہ انتہائی ضروری سفر کی صورت میں اسپین سے آنے والوں کو آسٹریا میں 14 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریا نے سپین میں وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار دیکھتے ہوئے اسے بھی دیگر 60 ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن پرسفری پابندیاں یا وہاں آمد و رفت کیلئے ٹریول الرٹس جاری کی جا چکی ہیں، ان ممالک میں پرتگال، بلغاریہ، رومانیہ، سویڈن، بوسنیا، روس، سربیا، امریکا، ترکی، برازیل، چلی، ایکواڈور، پیرو اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریا کی جانب سے اسپین کے حوالے سے سفری ہدایت نامہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب رواں ہفتے ہی سوئٹزرلینڈ نے اسی طرح کا ایک الرٹ جاری کر کے اپنے شہریوں کو سپین کا غیرضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی تھی، جب کہ سوئٹرزلینڈ، برطانیہ، ناروے نے اسپین سے آنے والوں کے لئے چودہ روزہ قرنطینہ کی شرط لازمی قرار دے چکے ہیں۔
Comments are closed.