وفاقی حکومت کراچی کو بچانے کیلئے مختلف قانونی اورآئینی آپشن پرغورکر رہی ہے، اٹارنی جنرل

کراچی: اٹارنی جنرل فار پاکستان خالد جاوید خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کو بچانے کیلیے مختلف قانونی اور آئینی آپشن پر غور کر رہا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے شہر قائد میں تجاوزات سے متعلق ایک کیس کی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق فراہم کرنے میں ناکام ہوئی۔

جس پر اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا کہ کراچی اس وقت ایک یتیم شہر بنا ہوا ہے تاہم وفاقی حکومت کراچی کو بچانے کے لئے مختلف قانونی اور آئینی آپشن سوچ رہی ہے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ میں اس وقت یہ بتانے کی پوزیشن میں نہیں کہ کیا اقدامات ہو سکتے ہیں،گزشتہ روز بھی وزیر اعظم سے تفصیلی بات ہوئی تھی۔

Comments are closed.