قومی کوششوں،وسائل کےدرست استعمال سے کورونا کیخلاف کامیابی ملی، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان قومی فریضہ ہے، کورونا وباء کے خلاف کامیابی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ذریعے قومی کوششوں اور وسائل کے درست استعمال سے حاصل ہوئی۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ ہوا، جس میں کورونا وباء کے بعدپاکستان کے ردعمل، اقدامات اور انسداد پولیو مہم کے دوبارہ آغاز سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان میں قومی انسداد پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے پاک فوج کے تعاون کی تعریف کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کیلئے یہ قومی فریضہ اور کوشش تھی، جس کا سہرا انسداد پولیو کے لئے قطرے پلانے والے ورکرز، موبائل ٹیموں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ صحت نمائندوں کے سر ہے۔

آرمی چیف اور بل گیٹس نے کورونا وباء کی صورت حال میں انسداد پولیو مہم کے محفوظ اور موثر آغاز کیلئے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر بل گیٹس نے محدود وسائل کے باوجود کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو سراہا۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عالمی وباء کے خلاف کامیابی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ذریعے حقیقی قومی کوششوں کے باعث ممکن ہوئی،این سی او سی نے دستیاب وسائل کا درست استعمال کیا۔ بل گیٹس نے کہاکہ گیٹس فاؤنڈیشن دنیا بھر میں وباؤں کے خلاف جنگ کے لئے تعاون جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیوکے خاتمے اور بچوں کی صحت میں بہتری کے اہداف کیلئے تعاون رکھیں گے۔

Comments are closed.