یورپی ملک سفری پابندیاں ختم،سرحدیں کھولیں،انٹرنیشنل ایئرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن

شفیق احمد، نمائندہ اٹلی

انٹرنیشنل ایئرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ( آئی اے ٹی اے) نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ سفری پابندیاں ختم کرتے ہوئے سرحدیں کھولیں اور کورونا وباء کے باعث یورپی معیشت کو تباہی سے بچانے کیلئے قرنطینہ کے حوالے سے متبادل اصول وضع کیے جائیں۔

آئی اے ٹی اے کی جانب سے یہ بیان یورپی ممالک کے ویزہ کی معلومات دینے والی ویب سائٹ شینجن ویزہ انفارمیشن ڈاٹ کام کی جانب سے کورونا وائرس کے معیشت، فضائی مسافروں کی تعداد اور روزگار کے مواقع پر پڑنے والے اثرات سے متعلق جاری رپورٹ کے بعد جاری کیا گیا۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس یورپ میں پروازوں کی تعداد 50 فیصد کم رہی جب کہ مسافروں کی تعداد میں 60 فیصد کے قریب کمی ہوئی جو کہ 70 کروڑ 50 لاکھ بنتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی ممالک میں کورونا وباء کے باعث مختلف شعبوں کو ہونے والے نقصانات سے بحالی تاحال غیر یقینی ہے۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق  یورپ میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو گا اور یہ تعداد 2019 میں مسافروں کی تعداد کے برابر ہونے میں مزید چار سال لگ سکتے ہیں جب کہ ایوی ایشن انڈسٹری سے وابستہ 70 لاکھ افراد کی ملازمتیں خطرے میں ہیں۔

آئی اے ٹی اے کے مطابق یہ بات باعث تشویش ہے کہ رواں برس فضائی سفر، اس شعبے سے وابستہ افراد کی ملازمتوں اور انڈسٹری میں استحکام کی صورتحال مزید ابتر ہوتی نظر آ رہی ہے، اس کے ساتھ یورپ میں بسنے والے خاندانوں کو سرحدی پابندیوں اور قرنطینہ کے حوالے سے سخت اصول جاری رہنے سے مزید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے یورپ کیلئے نائب صدر رافیل شوارٹزمین کا کہنا ہے کہ سرحدیں کھولنے کے لئے ایوی ایشن کے شعبے اور حکومتوں کو مشترکہ طور پر مربوط اور موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

اس سے پہلے یورپین ایئرلائنز اور ائیرپورٹس ایسوسی ایشنز بھی سفری پابندیوں کے حوالے سے اپنے مشترکہ تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں، مختلف ممالک کے وزرائےاعظم، ٹرانسپورٹ، صحت اور داخلی معاملات کے وزراء کو خط کے ذریعے کہا گیا تھا کہ نئی سفری پابندیاں فضائی رابطوں اور ایئر ٹریفک کی بحالی کی رفتار سست کر رہی ہیں۔

Comments are closed.