کراچی: پاکستان کے سینئر سیاست دان اور نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میرحاصل خان بزنجو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر میرحاصل بزنجو طویل عرصے سے پھیپھڑوں کے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے، خاندانی ذرائع نے میرحاصل بزنجو کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ علیل تھے، آج صبح طبعیت کی خرابی کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ان کی میت قافلے کی شکل میں ان کے آبائی علاقے ضلع خضدار نال لائی جائے گی اور وہیں تدفین کی جائے گی۔ 62 سالہ میرحاصل بزنجو پاکستان کے ممتاز سیاسی رہنما، سابق گورنربلوچستان اور1973 کی آئین ساز کمیٹی کے رکن میرغوث بخش بزنجو کے صاحبزادے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میرحاصل بزنجو کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میر حاصل بزنجو نظریاتی، سیاسی و تاریخی شعور رکھنے اور پاکستان سے شدید محبت کرنے والے جمہوریت پسند رہنما تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی وفات وفاق پاکستان، جمہوریت اور ملک و قوم کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔وہ بلوچستان کے عوام کی ایک مقبول اور توانا آواز تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء پر نہیں کیا جا سکتا۔اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
Comments are closed.