سری نگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دے تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کشمیر پر جبری قبضے، فوجی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جاری جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کرسکتا۔
حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے کی نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں پرزوردیا کہ اب جبکہ بھارت کا حقیقی چہرہ ان کے سامنے عیاں ہو گیا ہے تووہ بھی کشمیری عوام کو بھارت کی سیاسی اور معاشی غلامی سے نجات دلانے کیلئے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک میں شامل ہوجائیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کاز کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے اور تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران پاکستان اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ عزاداروں نے ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے،ہم کیا چاہتے آزادی اور بھارت کشمیر سے چلے جاؤ“جیسے نعرے بلند کئے۔
دریں اثناءبھارتی فوجیوں نے عزاداروں پرگولیوں اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ مختلف علاقوں میں جلوسوں اور چھاپوں کے دوران متعدد عزاداروں کو گرفتار کرلیاگیا۔ حریت رہنماءمیر شاہد سلیم، عبدالصمد انقلابی، نریندرسنگھ خالصہ، تحریک مزاحمت، تحریک وحدت اسلامی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے الگ الگ بیانات میں عزاداروں پرطاقت کے وحشیانہ استعمال اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔
Comments are closed.