6 ستمبر پاکستانی فوج کے عزم،حوصلے،جذبہ قربانی کی علامت ہے، پرویز اقبال لوسر

برسلز: ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کا دن پاکستان کی شاندار تاریخ میں ہماری مسلح افواج کے بلند حوصلے، مضبوط ارادے اور قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت ہے۔

یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے یورپی ملک بیلجیئم کے شہر برسلز سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا تھا کہ 55 سال پہلے آج ہی دن پاکستانی مسلح افواج اور عوام نے مل کر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن ملک کی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے اسے بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔

ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن پاکستان کی شاندار تاریخ میں مسلح افواج کے حوصلے، مضبوط ارادے اور قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت ہے۔ 55 سال پہلے اس دن پاکستانی مسلح افواج کے بہادر افسروں، جوانوں اور پائلٹس نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ مادر وطن کے چپے چپے کی بھرپور حفاظت کیلئے مکمل تیار ہیں اور اس کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اپنی بات جاری رکھتے چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کو چونڈہ کے مقام پر تباہ و برباد کر دیا، رات کی تاریخی میں حملہ آور ہو کر لاہور جم خانہ میں ناشتہ کرنے کا ارادہ رکھنے والے بھارتی افسر کے عزائم کو بھی ان کی فوج کی طرح نیست و نابود کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی شکست سے بھی بھارتی وزیراعظم مودی نے سبق نہیں سیکھا گزشتہ برس پاکستان پر فضائی حملے کی کوشش کی لیکن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 27 فروری 2019ء کو بھارتی طیارے تباہ کر کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا۔ پاک فوج نے پاکستان میں دہشت گردی کرانے والے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کر کے ثابت کیا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے۔

چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے گرفتار کیے گئے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا کہ وہ وہ اپنی خفیہ ایجنسی راء کے لئے کام کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کروا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہر دور میں ثابت کیا کہ وہ وطن عزیز کی حفاظت اور دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

Comments are closed.