سپین کے صوبے کاتالونیا کی عوام کیلئے خوشخبری،کرایوں میں کمی سے متعلق قانون منظور

بارسلونا: سپین کے صوبے کاتالونیا کی پارلیمنٹ نے بارسلونا سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں اور علاقوں میں کرایوں میں کمی سے متعلق قانون منظورکر لیا ہے۔ جس کے تحت مالکان کو ازخود رہائشگاہوں کے کرائے بڑھانےکی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبائی پارلیمنٹ کی جانب سے اس قانون کی منظوری رہائشی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کیلئے بڑی کامیابی ہے، جو کہ طویل عرصے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں عوامی دخل کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس بل کا اطلاق 60 شہروں اورقصبوں پر ہوگا جہاں کاتالونیا کی مجموعی آبادی کے 70 فیصد شہری آباد ہیں۔

اس قانون کے تحت یکساں اور کم کرائے کے قانون کا اطلاق ایسے شہروں اور علاقوں پر ہوگا جہاں پر ہاؤسنگ مارکیٹ مشکلات کا شکار ہے، رہائشی حقوق کے لئے سرگرم یونین ترجمان جیمی پالومیرا نے حکومتی اقدام کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ان ہزاروں خاندانوں کے لئے بہت اہم اقدام ہے جن کی سخت ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ بعض یونینز اور سیاسی گرپوں کی جانب سے 2 ہزار یوروز سے کم آمدن والے مالکان کو اس قانون میں رعایت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس قانون کے مطابق ہاؤسنگ مارکیٹ کی صورتحال کو ’’کشیدہ یا تشویشناک‘‘ اس وقت قرار دیا جائے گا جب کسی شہر یا قصبے میں عوام کو سستی رہائش کی سہولت دستیاب نہ ہو۔اس کے ساتھ یہ قانون خاص طور پر ان علاقوں پر لاگو ہوگا جہاں پر کرائے کاتالونیا صوبے میں کرائے کی اوسط حد سے تجاوز کر چکے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جن علاقوں میں کرائے شہریوں کی اوسط آمدن سے30 فیصد زیادہ یا گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مہنگائی سے 3 فیصد تجاوز چکے ہیں ان علاقوں پر بھی اس قانون کا اطلاق ہوگا۔

 کاتالونیا کی حکومت نے ہر علاقے میں کرائے کی ایک حد مقرر کر دی ہے، اس کے ساتھ ساتھ مالک مکان خود سے کرایہ نہیں بڑھا سکیں گے بالخصوص جب ان کا اپارٹمنٹ یا گھر پانچ برسوں سے کرایے پر لگا ہوا ہو۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ کرائے کی حدود مقرر کرنے کے رہائش کی دستیابی کی کمی کی صورت میں دور رس نتائج  برآمد ہوں گے، جب کہ بعض نے حکومتی اداروں کو مزید رہائشی منصوبوں پر توجہ دینےاور سفری سہولیات میں بہتر بنا کر مزید معاشی مراکز بنانے کی ضرورت پر زور دیاہے۔

دوسری جانب کاتالونیا کی کنزرویٹو پیپلز پارٹی نے کرایوں میں کمی اور یکساں کرائے کے قانون کو سپین کی آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ اس اقدام کو رکوایا جا سکے۔ اس قانون کے خلاف ووٹ دینے والی جماعتوں میں سیوتادانس بھی شامل ہے جو کہ حزب اختلاف کی بڑی جماعت ہے جب کہ سپین میں حکمران سوشلسٹ جماعت نے بھی خبردار کیاہے کہ رہائشی کرایوں کےحوالے سے قانون سپین کے آئین کے منافی ہے اور اس کے خلاف بالآخر عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

Comments are closed.