پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس نے وسائل کو لوٹا،پسماندگی کی ذمہ دار ہیں، بیرسٹر سلطان

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم وپی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی کا شعبہ اطلاعات وسوشل میڈیا ٹیم پارٹی کی فسٹ لائن آف ڈیفنس ہیں۔ نوجوانوں پر مشتمل سیکرٹری انفارمیشنز اور سوشل میڈیا ٹیموں نے پاکستان میں تحریک انصاف کو الیکشن میں کامیابی دلائی ہے اور اب آزادکشمیر میں ہم الیکشن کے معرکے میں اتر رہے ہیں جہاں ہمارا مقابلہ روایتی ٹھیکہ داروں، کمشن خوروں اور پاکستانی مافیا کے مقامی نمبرداروں سے ہے جس گزشتہ ستر برسوں میں قوم کا خون چوس چوس کر طاقت ور ہوچکے ہیں لیکن ہم نوجوانوں کی مدد الیکشن میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے گٹھ جوڑ کو تاریخی شکست سے دوچار کریں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی آئی آزادکشمیر کے شبعہ اطلاعات  اور سوشل میڈیا ٹیم کے زیر اہتمام ہونے والی ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے تیس کے لگ بھگ سوشل میڈیا اور شعبہ اطلاعات سے وابستہ افراد سے انہوں نے کہا کہ آپ نے تحریک انصاف اور اس کی لیڈرشپ کا دفاع بھی کرنا ہے اور مخالفین کے چھکے بھی چھڑانے ہیں۔جارحانہ بیانیہ ہی تحریک انصاف آزادکشمیر کے تبدیلی کے سلوگن کو ایک برانڈ کے طور پر متعارف کراسکتاہے۔

 بیرسٹرسلطان محمود نے کہا کہ ہمارے نوجوان جو آبادی کا ساٹھ فی صد ہیں ان کی محرومیوں، بے روزگاری اور آزادکشمیر کی پسماندگی کا ذمہ دار نون لیگ، مسلم کانفرنس اور پی پی پی ہے جنہوں نے وسائل کو لوٹا اور خطے کو ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھا اور اپنے  خاندانوں کو ہر طرح کی مراعات اور شاہانہ زندگی فراہم کی۔

 بیرسٹر سلطان نے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود کی طرف مسلسل شعبہ اطلاعات کی تربیتی ورکشاپوں کے سلسلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی واحد پارٹی ہے جو اپنے عہدے داران کی جدید خطوط پر تربیت کررہی ہے۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات ارشادمحمود کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہ اس سلسلے کو جاری رکھا جائے۔

 سیکرٹری اطلاعات ارشادمحمود نے کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی کی علمبردار ہے۔ آزادکشمیر کو معاشی طور پر خوشحال اور اختیار بنانا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تربیتی ورکشاپ اور آن لائن اجلاسوں کا مسلسل انعقاد کیا جارہاہے تاکہ پارٹی کے عہدے داران کی استعداد میں اضافہ کیا جاسکے۔

 ارشاد محمود نے کہا کہ اس طرح کی ورکشاپیں ڈویژن کی سطح پر بھی منعقد کی جائیں گی۔ اجلاس میں  اخلاق رانا ، سردار مبین خادم سیکرٹری اطلاعات نیلم ،عنصرصارم مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات،  عمبرین ترک سیکرٹری اطلاعات خواتین ونگ آزاد کشمیر ، سید کمال حیدرشاہ میڈیا ایڈوائزر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیربیرسٹرسلطان محمودچوہدری،سردار عثمان ضیاءسیکرٹری اطلاعات ضلع پونچھ، ریاض گیلانی سیکر ٹری اطلاعات باغ ، ملک وقاص سیکر ٹری اطلاعات ضلع کوٹلی، عدنان بیزادسیکرٹری اطلاعات ضلع میرپور،حسنین چغتائی سیکرٹری اطلاعات سٹی میرپور، راجاابرار، سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ نعمان خان، سید مبشر گردیزی ، احسن خورشید،چوہدری غلام حنیف، چوہدری سفیر، ارباز احمد اعجاز رفیق، اسرار احمد، شگفتہ کیانی ، صبا لاریب، مدیحہ زمان، آنایہ فضیل اورارسلان حسین نے شرکت کی ۔۔

Comments are closed.