سپین کے صوبے کاتالونیا پر چھائے عالمی وباء کی وجہ سے خوف کے سائے دن بدن مزید گہرے ہو رہے ہیں، مختلف سکولوں میں مزید 54 طلباو طالبات اور اساتذہ و عملے کے 72 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
سیکرٹری تعلیم نوریا کیونکا نے تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور تشخیص سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف سکولوں میں مزید 126 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 54 طلبہ جب کہ 72 سکول عملے کے ارکان شامل ہیں۔
کورونا کے پھیلاؤ کے باعث اب تک 4 سکول بند کیے جا چکے ہیں جن میں سے تین میں وائرس کی تصدیق جب کہ چوتھے میں وباء کا شدید خطرہ پایا جا رہا تھا۔ ان چاروں سکولوں کے مجموعی طور پر 801 طلبہ اور عملے کے اہلکاروں کو قرنطینہ کیا گیا ہے، جن میں 516 طلبا و طالبات جب کہ 285 عملے کے افراد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز سے 15 لاکھ 80 ہزار کے قریب طلبہ و طالبات نے کورونا کے باعث بند سکول پیر کو کھلنے کے بعد تعلیمی سرگرمیاں شروع کی تھی، اب تک 27 سکولوں میں کورونا وائرس کی موجودگی یا سنگین خطرے کی بناء پر بند کیے گئے۔
کاتالونیا سمیت سپین کے دیگر علاقوں میں تعلیمی اداروں کے اندر طلباء و طالبات اور عملے کیلئے چہرے پر ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے جب کہ چھٹی سے بڑی کلاسز کے بچوں کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے اور سینیٹائزر کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments are closed.