کورونا صورتحال یہی رہی تو تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق کھلیں گے، شفقت محمود

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے واضع کیا ہے کہ اگر کورونا وباء کی صورتحال اسی طرح قابو میں رہی تو تعلیمی ادارے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی کھلیں گے۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے سندھ حکومت کی جانب سے سیکنڈری کلاسز نہ کھولنے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل شروع کرنے کے شیڈول کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ دوسرے مرحلے میں کلاسز 23 ستمبر سے ہی شروع ہوں گی، اس حوالے سے 22  ستمبر کو این سی او سی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور اگر صورتحال یہی رہی تو تعلیمی ادارے شیڈول کے مطابق ہی کھلیں گے۔

واضح رہے سندھ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث چھٹی تا آٹھویں جماعت تک تدریسی عمل بحال کرنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔کراچی میں پریس کانفرس کے دوران وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد سب سے مشکل فیصلہ اسکول کے کھولنے کا تھا تاہم اسکول کھلنے کے بعد میں نے شہر کے مختلف اسکولوں میں ایس او پی کا جائزہ لیا، کچھ پرائیوٹ اسکولوں میں ایس او پی کے بہترین انتظامات کیے گئے جب کہ کچھ اسکولوں میں ایس او پی کی پابندی نہیں کی گئی۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کل جب انہیں اسکولوں میں دیگر جماعتوں کے بچوں کی تعلیم کا عمل شروع ہوگا تو صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے لہذا 21 تاریخ سے سیکنڈری کلاسز کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک موخر کردیا گیا ہے اور اگرصورتحال یہی رہی تو اسکولز کھولنے کے فیصلے کو مزید موخر کریں گے۔

سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں اسکول کھولنے کے معاملے پرنظر ثانی کی جائے گی، بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے جبکہ اس حوالے سے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔ تمام اساتذہ کو کہا گیا کے اپنے ٹیسٹ کروائیں، نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے مفت ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

Comments are closed.