’’فوج کیخلاف اعلان بغاوت، نوازشریف نے سیاسی پناہ کا کیس مضبوط کرلیا‘‘

سینئر صحافی سید عیسیٰ حسن نقوی نے اپوزیشن کی کثیر الجماعتی کانفرنس سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب کے حوالے سے اپنے تازہ وی لاگ میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف باقاعدہ اعلان بغاوت کردیا ہے۔

 عیسیٰ نقوی کے مطابق سابق وزیراعظم کے اے پی سی سے کیے جانے والے خطاب میں بہت سی باتیں وہ پہلے بھی کر چکے ہیں لیکن اس وقت جو چیز اہم ہے وہ موجودہ حالات ہیں۔اس وقت پاکستان کے حالات بہت معنی رکھتے ہیں اور آنے والے دنوں میں اس کے بہت ہی گہرے اثرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ

 ’’ میرے خیال میں اس تقریر کے ذریعے میاں نواز شریف نے ایک بات واضح کر دی ہے کہ حکومت پاکستان اگر انہیں اشتہاری، مفرور قرار دلوا کر ان کی وطن واپسی کے لئے حکومت برطانیہ سے کوئی بات کرتی ہے تو اب برطانوی حکومت کی جانب سے کوئی تعاون کی توقع نہیں رکھی جا سکتی، کیونکہ انہوں نے اس تقریر کے ذریعے برطانیہ میں سیاسی پناہ کا کیس بہت مضبوط کر لیا ہے‘‘۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر بات جاری رکھتے ہوئے سید عیسیٰ حسن نقوی کہتے ہیں کہ مسلم لیگ نون کے قائد برطانوی حکومت سے درخواست کر سکتے ہیں کہ چونکہ انہوں نے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور فوج کے خلاف سخت تقریر کی اور کئی اہم نکات اٹھائے اس لئے حکومت پاکستان کے حوالے کیے جانے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں۔

عیسیٰ نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے تجزیئے کے دوران نواز شریف کی تقریر کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نے بادی النظر میں ایک سخت دھمکی دی ہے کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسے حالات پیدا کیے گئے جس کا انجام سقوط ڈھاکہ کی شکل میں دنیا نے دیکھا، اب بھی اگر حالات ان کے لئے موزوں نہیں ہوتے تو خدانخواستہ پاکستان کو ایک بار پھر ویسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Comments are closed.