پاکستان میں7 ماہ بعد انسداد پولیو مہم شروع۔۔ایک اور بچے میں وائرس کی تصدیق

پاکستان میں سات ماہ بعد قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، پانچ روزہ مہم کے دوران مجموعی طور پر چار کروڑ کے قریب بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کیلئے ویکسین پلائی جائے گی۔

کورونا وباء کے باعث ملتوی کی گئی انسداد پولیو مہم کا سات ماہ بعد آغاز کر دیا گیا ہے، 21 سے25 ستمبر جاری رہنے والی مہم میں مختلف وجوہات کی بناء پر ویکسین پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کیلئے 2 کیچ اَپ ڈیز شامل ہیں۔ قومی انسداد پولیو مہم آزادکشمیر، گلگت بلتستان ورچاروں صوبوں میں چلائی جائےگی، مہم کے دوران مجموعی طور پر 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہو گی اور 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہو گا۔  رواں ماہ ملک میں قومی سطح پرانسدادپولیو مہم کی تیاری ہے، قومی انسدادپولیو مہم میں4کروڑ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہے۔جبکہ حکومت انسداد پولیو کیلئے موثر، مربوط اقدامات یقینی بنارہی ہے اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

قومی انسداد پولیو مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ 99 لاکھ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کیلئے ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، سندھ میں 92 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 67 لاکھ، آزادکشمیر میں 6 لاکھ 69 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اسی طرح بلوچستان میں ساڑھے 24 لاکھ، اسلام آباد میں ساڑھے تین لاکھ اور گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 39 ہزار بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔

دوسری جانب بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوتے ہی  پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوگیا۔ رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے،محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  پولیو کا نیا کیس کوئٹہ کے نواحی علاقےاحمد خانزائی سے رپورٹ ہوا ہے ۔ جہاں سات ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

Comments are closed.