پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے ایک بار تارکین وطن کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی ٹھان لی، پی آئی اے نے سعودی عرب کے لئے کرایوں میں من مانا اضافہ کرتے ہوئے یکطرفہ کرایہ 49 ہزار روپے بڑھا دیا۔
قومی ایئر لائن انتظامیہ تارکین وطن کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی، اس بار بھی پی آئی اے کے پاکستان سے سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہوتے ہی پہلے روز ہی ٹکٹ ناپید ہو گئے جس میں بڑا ہاتھ ٹریول ایجنٹ مافیا کا تھا۔
ایسے اوورسیز پاکستانی جن کے آئندہ چند روز میں اقامے کی مدت ختم ہورہی ہے وہ ٹکٹ کے حصول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں، کورونا وباء کے باعث مالی مشکلات سے دوچار تارکین وطن کا تیل نکالنے کے لئے پی آئی اے نے سعودی عرب کے لئے کرایہ یک دم بڑا بڑھاتے ہوئے یک طرفہ کرایے میں 49 ہزار روپے کا اضافہ کردیا ہے۔
اضافے کے بعد کراچی سے جدہ، مدینہ یا دمام کے لئے پی آئی اے کا یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ 27 ہزار روپے جب کہ لاہور، اسلام آباد یا پشاور سے جدہ اور مدینہ کا کرایہ ایک لاکھ 33 ہزار ہو گیا ہے، لاہور اسلام آباد یا پشاور سے ریاض اور دمام کا یکطرفہ کرایہ ایک لاکھ 31 ہزار کردیا گیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پاکستان سے سعودی عرب کا کرایہ 84 ہزار روپے تھا، قومی ایئرلائن نے کورونا ایس او پیز کے تحت تین چوتھائی گنجائش کے ساتھ آپریشن چلانے کا بہانہ بناتے ہوئے ٹکٹس مہنگے کیے اور اپنے تمام ٹریول ایجنٹس کو نئے کرایے سے آگاہ کردیاہے۔
دوسری جانب نجی ایئرلائنز نے بھی سعودی عرب کے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ غیر ملکی ائیرلائن کی ایک لاکھ 1 ہزار میں ملنے والے ٹکٹ اب مارکیٹ میں ایک لاکھ 40 ہزار تک فروخت ہو رہے ہیں۔اس تمام تر ظلم و زیادتی کے باوجود مجبور تارکین وطن ٹکٹ حصول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پی آئی اے کے ہیڈ کوارٹرز کے باہر مسافروں کی جانب سے احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین نے جناح ایونیو اور بلیو ایریا کی سروس روڈز کو بلاک کر کے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف نعرے بھی کی،انہوں نے الزام عائد کیا کہ قومی ایئرلائن مجبور تارکین وطن کا خون نچوڑنے میں مصروف ہے، وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا نوٹس لیں۔
Comments are closed.