سپین میں کاغذات تجدید میں مشکلات، ایجنٹوں کی لوٹ مار، تارکین وطن سراپا احتجاج

یورپی ملک سپین میں رہائشی و سکونتی کاغذات کی تجدید کے لئے محکمہ پولیس کے دفتر کا ٹائم اور مقامی زبان میں سیتا (اپوائنٹمنٹ) لینا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا ہے۔ سیتا کے مشکل عمل اور ایجنٹ مافیا کی لوٹ مار کے خلاف تارکین وطن نے احتجاج کیا۔

سپین میں رہائشی و سکونتی کاغذات کی تجدید کے لئے محکمہ پولیس سے وقت لینے میں مشکلات کا فائدہ ایجنٹ مافیا خوب اٹھا رہے ہیں، مجبور تارکین وطن کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے ایک سیتا کا 50 یورو سے 200 یورو سے زائد وصول کیے جارہے ہیں۔

سیتا نہ نکلنے اور ایجنٹ مافیا کی لوٹ مار کے خلاف تارکین وطن کی جانب سے بارسلونا شہر میں رمبلا گیپسکوا کے مقام پر محکمہ پولیس کے سامنے تارکین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سیتا (اپوائنٹمنٹ) کے عمل کو آسان بنایا جائے اور آفیشل ویب سائٹ پر کچھ دیر کے لئے اپوائنٹمنٹ جاری کرنے کے بجائے یہ آپشن ہر وقت کھلا رکھا جائے تا کہ تارکین وطن کی مشکلات کا ازالہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ مظاہرین نے ایجنٹ مافیا کے خلاف موثر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، نیوز ڈپلومیسی کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

Comments are closed.