اسلام آباد: پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے 4 بھارتی مجرمان کی رہائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
بھارتی ہائی کمیشن اور قیدیوں کی جانب سے درخواست بیرسٹر ملک شاہ نواز نون کے ذریعے عدالت عالیہ میں دائر کی گئی۔ جس میں استدعا کی گئی کہ بھارتی قیدی برچو، بنگ کمار، ستیش بھگ اور سونو سنگھ کو رہا کیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہور جیل میں قید تین بھارتی مجرم اور کراچی جیل کے ایک مجرم کو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گرد کارروائیوں پر سزا ہوئی تھی جو وہ پوری کر چکے ہیں، اب قانونی طور پر ایسی کوئی وجہ نہیں کہ قیدی جیل میں قید رہیں۔
درخواست میں کہاگیاہے کہ سزا پوری کرنے کے بعد قیدیوں کو جیل میں رکھنا آئین پاکستان کے تحت حاصل حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ قیدیوں کو رہا کرکے واپس بھارت بھیجنے کا حکم دیاجائے اور اس کے لیے حکومت کو بھی انتظامات کی ہدایت کی جائے ۔
Comments are closed.